اننت ناگ (جموں و کشمیر) :ضلع اننت ناگ کے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں منگل کی صبح ایک عدم شناخت غیر ریاستی باشندے کی لاش کو برآمد کیا گیا۔ دراصل منگل کی صبح کچھ لوگوں نے معروف سیاحتی مقام پہلگام کے بٹکوٹ علاقہ کے قریب موجود آبشار پارک کے متصل دریائے لدر کے کنارے ایک عدم شناخت لاش کو دیکھا، جس کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اس کے بارے میں اطلاع دی۔
پولیس اسٹیشن پہلگام سے وابستہ ایک ٹیم فوری طور پر مذکورہ مقام پر پہنچ گئی اور عدم شناخت لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ جس کے بعد پولیس کی جانب سے لاش کو پبلک ہیلتھ سینٹر کے مردہ خانہ میں منتقل کیا گیا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ لاش ایک غیر ریاستی باشندہ کی ہے تاہم سرکاری طور پر ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ مذکورہ لاش کسی امرناتھ یاتری کی ہے۔