اننت ناگ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے قاضی گنڈ علاقے میں منگل کو دو الگ الگ سڑک حادثات میں دو افراد کی موت واقع ہو گئی جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق قاضی گنڈ کے شمپورہ کراسنگ اور ویسو علاقہ کے قریب سرینگر جموں قومی شاہراہ پر بالترتیب دو الگ الگ حادثات کے دوران دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
شمپورہ کراسنگ پر عدم شناخت گاڑی نے ایک شخص، جس کی شناخت کمار ساونت سنگھ ولد راجندر پرساد ساکنہ راجستھان کے طور پر ہوئی ہے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ مقامی باشندوں نے اسے فوری طور پر ایمرجنسی ہسپتال قاضی گنڈ منتقل کیا گیا تاہم وہاں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو چکی تھی۔ پولیس نے اس ضمن میں معاملہ درج کرکے فرار ہوئے گاڑی ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔ میت کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا اور لوازمات کی تکمیل کے بعد آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔