اردو

urdu

ETV Bharat / state

اننت ناگ میں ٹریفک پولیس کی کارروائی - اننت ناگ میں ٹریفک پولیس

اننت ناگ ضلع میں ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کئی گاڑیاں، موٹر بائیکس اور ٹریکٹر ضبط کیے۔

اننت ناگ میں ٹریفک پولیس کی کارروائی
اننت ناگ میں ٹریفک پولیس کی کارروائی

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 15, 2024, 4:06 PM IST

اننت ناگ میں ٹریفک پولیس کی کارروائی

اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں حالیہ دنوں بڑھتے ٹریفک حادثات سے پریشان ٹریفک پولیس نے سخت گیر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ یہ مہم گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہے جس میں اننت ناگ قصبہ اور سرینگر جموں قومی شاہراہ کے متصل کئی مقامات پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

ایس ایس پی ٹریفک روندر پال سنگھ کے مطابق: ’’ہم نے سڑکوں پر بے قاعدگیوں اور قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کر دی ہے۔ اننت ناگ اور اطراف کے علاقوں میں متعدد ٹریکٹر، موٹر سائکل اور دیگر گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں جن کے ڈرائیور یا تو بغیر لائسنس کے گاڑی چلا رہے تھے یا پھر ٹریفک قوانین کی صریحاً خلاف ورزی کر رہے تھے۔‘‘

انہوں نے خاص طور پر کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا: ’’مشاہدے میں آیا ہے کہ کافی حد تک ٹریفک حادثات نوجوان ڈرائیوروں کی بے احتیاطی کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔ بغیر لائسنس اور ہیلمٹ کے گاڑی چلانے کا رجحان بڑھ رہا ہے جو نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی بلکہ دوسروں کی جانوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔ ہم ایسی تمام حرکات پر سختی سے قابو پائیں گے۔‘‘

مزید پڑھیں:اننت ناگ میں ٹریفک نظام درہم برہم، ٹریفک جام سے لوگ پریشان

ٹریفک محکمہ کی اس مہم کے دوران کئی ایسی گاڑیاں بھی ضبط کی گئی جن کے ڈرائیوروں کے پاس جعلی دستاویز تھے۔ ایس ایس پی ٹریفک نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک گاڑی یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ محکمہ کو دیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹریفک پولیس کا مقصد جرمانہ وصولنا نہیں بلکہ سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس یہ مہم آنے والے دنوں میں بھی جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے اور واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details