ضلع اننت کے لال چوک، گانجی واڑہ، کے پی روڈ پر روزانہ ٹریفک جام عوام کے لئے درد سر بن گیا ہے۔ نجی ٹرانسپورٹ کی بڑھتی تعداد کے سبب قصبہ اننت ناگ میں ٹریفک جام اب معمول بن گیا ہے. وہیں ریڑھی والوں، خوانچہ فروشوں کی جانب سے سڑکوں پر غیر قانونی قبضہ بھی ٹریفک جام کا ایک سبب ہے۔
اگرچہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے قصبہ میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لئے، مہندی کدل، لال چوک اور مٹن چوک میں قائم کئی سومو و منی بس اسٹینڈز کو معقول مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم اس کے باوجود قصبہ اننت ناگ میں ٹریفک جام پر کوئی قابو نہیں ہے۔
اننت ناگ کے اہم شاہرائیں خاص کر لال چوک سے ضلع ہسپتال جنگلات منڈی تک اور زچہ بچہ ہسپتال شیر باغ جانے والی سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہنے سے مریضوں کو مشکلات کا سامان کرنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات مریض کو وقت پر ہسپتال لے جانے اور ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو سرینگر ہسپتال منتقل کرنے میں کافی دشواری کا سامنا ہے۔ جس کے سبب مریض کی جان جانے کا خدشہ رہتا ہے۔