اننت ناگ میں برفباری سے متاثرہ سیاحوں کی امداد کے لیے ہوٹل مالکان سامنے آئے ہیں۔
برف میں درماندہ سیاحوں کو کشمیری ہوٹل مالکان نے پناہ دی ہے۔
وادی کشمیر میں حالیہ برفباری کے بعد جہاں عام زندگی لگاتار متاثر ہے، وہیں جموں و سرینگر قومی شاہراہ کے مسلسل بند رہنے سے ملک کے متعدد حصوں سے آئے ہوئے سیاح بھی درماندہ ہو گئے ہیں۔
تاہم ایسی صورتحال میں بھی کشمیری لوگ ان سیاحوں کی مدد کے لیے پیش پیش ہیں۔
ایسی ہی ایک مثال جنوبی کشمیر کے مٹن اننت ناگ میں دیکھنے کو ملی جہاں پر برف میں درماندہ مہاراشٹر سے آئیں 11 خواتین سیاحوں کو اقبال اور عباس نامی دو بھائیوں نے اپنے ہوٹل میں مفت پناہ دی۔
جبکہ ان سیاحوں کو مفت رہائش اور کھانے پینے و دیگر سہولیات بھی میسر کی گئیں۔
دراصل خواتین سیاحوں کا یہ گروپ کچھ دن قبل کشمیر کی سیاحت پر آیا تھا۔ تاہم موسم نے کچھ اس قدر کروٹ بدلی کہ بھاری برفباری کی وجہ سے یہ سیاح کشمیر میں درماندہ ہوگئے۔
جموں و سرینگر قومی شاہراہ پر ان کو روکا گیا اور انہیں جموں کی جانب نہیں جانے دیا گیا۔