Full Bloom Of Apple Orchards شگوفوں سے بھرے سیب کے باغات سے سیاح لطف اندوز
وادی میں ان دنوں سفید شگوفوں سے بھرپور سیب کے درخت دلکش مناظر پیش کرتے ہیں۔ ان دلکش مناظر کو ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے سیاح اپنے کیمروں میں قید کرتے ہیں اور سوشل میڈیا پر شئیر کرتے ہیں جس سے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر کشمیر کی خوبصورتی کی تشہیر ہوتی ہے۔
اننت ناگ: وادی کشمیر میں ان دنوں سیب کے باغات سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ سیب کے باغات میں اس وقت سیب کے شگوفے پھوٹ پڑے ہیں، جس سے ماحول کافی خوشگوار اور خوبصورت نظر آرہا ہے۔ یہی وجہ یے کہ سیاح سیر و تفریح کے دوران سیب کے باغات کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔ سیاح سیاحتی مقامات جیسے پہلگام، گلمرگ کی جانب جانے کے دوران سیب کے باغات میں لطف اندوز ہو کر اپنے سفر کو مزید یادگار بناتے ہیں۔
سفید شگوفوں سے بھرپور سیب کے درخت دلکش مناظر پیش کرتے ہیں، جس سے ملک کی مختلف ریاستوں سے یہاں وارد ہونے والے سیاح رکنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ سیاح شگوفوں سے لہلہاتے سیب کے باغات میں تصاویر لے کر اپنے یادگار لمحات کو کیمرہ میں قید کر لیتے ہیں اور ان تصاویر کو سوشل میڈیا پر شائع کرتے ہیں جس سے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے خوبصورتی کی تشہیر ہوتی ہے۔
معروف سیاحتی مقام پہلگام کی جانب والی شاہراہ، کے پی روڈ پر ہٹمرہ اننت ناگ کے مقام پر شاہراہ کے دونوں اطراف سیب کے باغات موجود ہیں۔ پہلگام جانے کے دوران سیاح سیب کے باغات کی جانب راغب ہو رہے ہیں اور گاڑیوں سے باہر آکر سیب کے شگوفوں سے بھرے باغات میں لطف اندوز ہو رہے ہیں اور سیاح باغیچوں میں فوٹو گرافی میں مصروف نظر آرہے ہیں۔
مزید پڑھیں:Mustard Fields Of Valley وادی کے لہلہاتے سرسوں کے کھیتوں سے لطف اندوز ہوتے سیاح
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے سیاحوں نے کہا کہ جتنا انہوں نے وادی کشمیر کی خوبصورتی کے بارے میں سنا تھا یہ اس سے کئی گناہ خوبصورت ہے۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی بار سیب کے پھول دیکھے ہیں۔ انہیں باغات کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہونے میں کافی مزہ آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کچھ وقت باغات میں گزار کر اپنے سفر کو مزید یادگار بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل میڈیا کے ذریعہ کشمیر کے بارے میں غلط تشہیر کرکے انہیں گمراہ کیا جارہا ہے ،تاہم یہاں آکر وہ ساری غلط فہمیاں دور ہو جاتی ہیں۔ سیاحوں نے کہا کہ وہ نہ صرف یہاں کی قدرتی خوبصورتی بلکہ مقامی لوگوں کی مہمان نوازی سے بھی کافی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے دوست و احباب کو کشمیر کی سیر و تفریح کرنے کی تلقین کی۔