اننت ناگ:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں بدھ کی دوپہر ایک دلدوز سڑک حادثے میں 18 سالہ لڑکی کی موت واقع ہو گئی۔ حادثہ میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ سرینگر جموں شاہراہ کے نزدیک بجبہاڑۃ قصبہ میں اُس وقت پیش آیا جب ایک نجی کار چنار کے درخت ایک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دوشیزہ کی موقع پہ ہی موت واقع ہو گئی اور گاڑی میں سوار تین افراد زخمی ہو گئے۔
حادثہ میں فوت ہونے والی لڑکی کی شناخت 18 سالہ آیت ریشی دختر بشیر احمد ریشی کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں برہان احمد وانی ساکنہ فریسل، ابرار احمد وانی اور سمن ہلال دختر ہلال احمد شاہ ساکنہ کھنہ بل شامل ہیں۔ حادثہ کے فوراً بعد زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لیے ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے کیس رجسٹر کرکےتفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد دوشیزہ کی میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔