سڑک کی تنگی کی وجہ سے یہاں اکثر و بیشتر ٹریفک جام رہتا ہے۔ انتہائی تنگی کے سب یہاں سے گزرنے والی گاڑیاں بڑی مشکل سے سڑک پار کرپاتی ہیں۔
کے یو ساوتھ کیمپس سڑک کو کشادہ کرنے کا مطالبہ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے یونیورسٹی طلبا نے کہا کہ آئے روز وہ ٹریفک جام میں پھنس جاتے ہیں۔ اس کی وجہ سے وہ وقت پر کلاسز میں حاضر رہنے سے قاصر رہتے ہیں۔ اس سے نہ صرف ان کا وقت ضائع ہو جاتا ہے بلکہ پڑھائی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
ادھر، یونیورسٹی عہدیداروں کا بھی کہنا ہے کہ سڑک کو کشادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تنگی کے سبب طلبا وقت پر یونیورسٹی نہیں پہنچ پاتے ہیں نتیجتاً کلاسز کے اوقات کے شیڈول میں خلل پڑتا ہے۔
طلباء اور یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا کہ سڑک کی کشادگی سے یونیورسٹی کیمپس تک جانے کے لیے آسانی ہوجائے گی جبکہ ٹریفک جام سے بھی نجات مل جائے گی۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سڑک کی کشادگی کے حوالے سے اقدامات اُٹھائیں۔