اردو

urdu

By

Published : Mar 18, 2021, 10:11 PM IST

ETV Bharat / state

اننت ناگ: سڑکوں پر خوانچہ فروشوں کا قبضہ، راہگیر جائیں تو جائیں کہاں؟

لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مسئلے کا ازالہ کرکے ریڑھی - پٹری والوں (خوانچہ فروشوں) کو شہر سے باہر معقول جگہ پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔

street vendors
چھاپڑی فروش

ضلع اننت ناگ کی مختلف سڑکوں اور مصروف ترین بازاروں خاص کر، بس اڈہ، لالچوک، جنگلات منڈی، کوٹ روڑ، مٹن اڈہ اور شیر باغ سمیت دیگر سڑک پر سینکڑوں کی تعداد میں خوانچہ فروشوں اور ریڑھی لگانے والوں نے غیر قانونی طریقے سے قبضہ کرکے راہگیروں کے لیے مشکل پیدا کر دی ہے۔

ویڈیو: خوانچہ فروشوں نے راستے مسدود کردیے ہیں

خوانچہ فروشوں نے قصبہ اننت ناگ کے مختلف بازاروں سے گزرنے والی اہم سڑکوں پر قبضہ کرکے نہ صرف عام لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں بلکہ یہ عمل یہاں روزانہ ٹریفک جام کا سبب بن گیا ہے۔

مہندی کدل سے لال چوک اور جنگلات منڈی ضلع ہسپتال و سرکاری میڈیکل کالج تک جانے والی رابطہ سڑک کے دونوں اطراف ریڑھی والوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ وہیں شیر باغ میٹرنٹی اینڈ چائلڈ کیئر (زچہ بچہ) ہسپتال تک جانے والی سڑک کا بھی یہی حال ہے۔ جس کی وجہ سے نہ صرف عام راہگیروں بلکہ مریضوں کو ہسپتال لے جانے اور ریفر کرنے کے دوران کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینس ٹریفک جام میں پھنس جاتی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی جان جوکھم میں پڑ جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ: بچوں کا ڈی ایم آفس کے سامنے احتجاج

لوگوں نے ضلع انتظامیہ کے تئیں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب کچھ جانتے ہوئے بھی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ جس کا خمیازہ عام عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ میں ریڈی والوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ نتیجتاً لوگوں کو چلنے پھرنے کے لئے جگہ بھی نہیں ملتی۔ لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مسئلہ کا ازالہ کرکے ریڑی والوں کو شہر سے باہر معقول جگہ پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details