اننت ناگ:ضلع اننت ناگ کے شہر و گام کے ہر نُکڑ ، گلی ، کوچوں میں آوارہ کتوں کے جُھنڈ گھوم رہے ہیں،جس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں سے باہر آنے میں ڈر و خوف محسوس کر رہے ہیں۔آوارہ کتوں کے حملوں میں ابھی تک کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں خاص کر بچے شامل ہیں۔ Stray Dog menace In Anantnag
عوامی حلقوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کتوں کا تناسب حد سے زیادہ بڑھ گیا ہے، آس پاس کے ماحول میں کتوں کے ہجوم نظر آنے کے بعد ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ انسانی آبادی کے مقابلہ میں کتوں کی تعداد برابری میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کی تعداد آئے روز بڑھ جانے کے نتیجے میں خوف و ہراس کا ماحول پایا جا رہا ہے، خاص کر صبح و شام کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنا محال ہو گیا ہے ۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول یا ٹیوشن بھیجنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں، کیونکہ ابھی تک آوارہ کتوں کے حملوں میں کئی بچے زخمی ہو گئے ہیں جن کی جان بال بال بچ گئی۔