اننت ناگ: ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے میں محکمہ مال اور پولیس اسٹیشن لارنو کے باہمی اشتراک سے ہفتہ کی صبح تحصیل لارنو میں تجاوزات کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران غیر قانونی طریقے سے سرکاری اراضی پر تعمیر کیے گئے ڈھانچوں کو منہدم کر دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ انہدامی کارروائی کے دوران لارنو تحصیل کے حدود میں آنے والی پانچ کنال سرکاری اراضی کو بازیاب کر لیا گیا۔ State Land Retrieved During Demolition Drive in Kokernag
حکام کے مطابق انہدامی کارروائی کے دوران سرکاری اراضی پر تعمیر کیے گئے متعدد عارضی ڈھانچوں کو منہدم کیا گیا۔ متعلقہ حکام کے مطابق انتظامیہ نے پہلے ہی ان ڈھانچوں کے مالکان کو پیشگی نوٹس ارسال کی تھی تاہم ڈھانچے تعمیر کرنے والے افراد عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرتے رہے، جس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے سب ضلع کوکرناگ کی انتظامیہ کو تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ایس ڈی ایم کوکرناگ نے اس ضمن میں ایک ٹیم تشکیل دی اور حکم نامے کے تحت ہفتہ کی صبح متعدد ڈھانچوں کو منہدم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہدامی کارروائی کے دوران پانچ کنال سرکاری اراضی کو بازیاب کر لیا گیا۔