وادی کشمیر کو قدرت نے بے تحاشا تحائف سے نوازا ہے۔ جسے مزید جازب نظر بنانے کے لئے یہاں کے قدرتی چشموں، جھیلوں، ندی نالوں اور آبشاروں کا اہم کردار رہا ہے، وہیں دوسری جانب قدرت کے ان نایاب تحائف کو تحفظ فراہم کرنے میں انتظامیہ بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ کشمیر کے چشمے نہ صرف یہاں کے عوام کی پیاس بجھا لیتے ہیں بلکہ ہزاروں کنال اراضی کو سیراب کرتے ہیں۔ لیکن یہ چشمے دن بدن سکڑتے جارہے ہیں۔
جنوبی ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ کا گُگناڈ دئسو، اگرچہ قدرتی لحاظ سے کافی خوبصورت ہے، تاہم یہاں کے لوگوں کو انتظامیہ نے ہر لحاظ سے نظر انداز کیا ہے۔ سرکار کی جانب سے مذکورہ علاقے میں آج تک کوئی بھی تعمیراتی کام عمل میں نہیں لایا گیا۔
گُگناڈ دئسو کے سکڑتے ہوئے چشمے - جموں و کشمیر
یہاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں متعدد چشمے موجود ہیں، جو نہ صرف علاقہ کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں بلکہ ان کا پانی پینے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم ان چشموں کو تحفظ فراہم کرنے میں محکمہ دیہی ترقی پوری طرح سے ناکام ہوچکا ہے۔
گُگناڈ دئسو کے سکڑتے ہوئے چشمے
مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذکورہ علاقے میں چشموں کو تحفظ فراہم کرانے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائیں، تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔