اننت ناگ:جنوبی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جمعرات کی شام سے ہی شروع ہوا، جس کے سبب درجہ حرارت میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی عین پیشن گوئی کے مطابق بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
پیر پنچال کے پہاڑی علاقوں جن میں سنتھن ٹاپ، مرگن ٹاپ، اور مشہور سیاحتی مقام پہلگام کے پہاڑی علاقوں میں کل شام سے ہی ہلکی برفباری ہو رہی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس کی وجہ سے وادی میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 11 نومبر کی صبح سے موسم میں بہتری درج ہونے کا امکان ہے اور بعد ازاں 17 نومبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران درجہ حرارت میں بھی بہتری درج ہونے کا امکان ہے۔