اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ اور جموں صوبے کے کشتواڑ ضلع کو جوڑنے والی رابطہ سڑک پر برف ہٹانے کا کام ہفتہ کو شروع کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد سب ضلع انتظامیہ کوکرناگ اور کشتواڑ انتظامیہ نے اس سے قبل ہی سڑک کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا تھا، تاکہ لوگوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم ہو سکے۔ یاد ہرے کہ وادی کشمیر میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب بارشیں شروع ہوئی جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے باعث درجہ حرارت میں مزید گراوٹ دیکھنے کو ملی اور سردی میں بھی شدید اضافہ ہوا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں جمعرات اور جمعہ کی رات سے ہی پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو تقریباً دوپہر تک جاری رہا۔ ادھر، جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقامات سنتھن ٹاپ اور مرگن ٹاپ پر بھی بھاری برفباری کے نتیجے میں مذکورہ شہراہوں پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں کا زمینی رابطہ وادی سے منقطع ہو گیا ہے۔