مکینیکل اور پی ایم جی ایس وائی کے اشتراک سے 105 کلومیٹر اس سڑک سے برف ہٹایا جا رہا ہے۔
مرگن ٹاپ پر برف ہٹانے کا کام شد و مد سے جاری پی ایم جی ایس وائی کے اسسٹنٹ انجینئر ارشد سلام کا کہنا ہے کہ انشن کے لوگ چاہتے ہیں کہ مذکورہ سڑک سال بھر ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کُھلی رہے، تاکہ اُنہیں عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے، تاہم گاورن اور انشن کے بیچ پہاڑیوں کی چوٹی پر واقع مرگن ٹاپ نامی علاقے میں پندرہ سے پچیس فٹ برف گرنے کے نتیجے میں مذکورہ رابطہ سڑک کئی مہینوں تک بند رہتی ہے، جس کے باعث تحصیل مرواہ کئی مہینوں تک پوری دنیا سے منقطع ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑک کے مختلف مقامات پر کھڑی ڈھلان پر موجود برفیلی سلائڑز کھسک کر نیچے سڑک پر آنے کے نتیجے میں انہیں کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رابطہ سڑک کی بحالی سے نہ صرف یہاں سے لوگوں کا آناجانا لگا رہتا ہے، بلکہ تجارت سے وابستہ افراد کے کاروبار میں بھی کئی گنا اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم شاہراہ پر ٹریفک کی نقل حمل کو جلد از جلد بحال کریں، تاکہ لوگوں کی آوا جاہی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اگرچہ برف ہٹانے کا کام شد و مد سے جاری ہے تاہم مرگن ٹاپ پر زیادہ برف جمع ہونے کی وجہ سے عملے کو کافی مشقت کرنی پڑتی ہے۔
تجارت سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک ماہ اکتوبر سے ہی برفباری کے باعث بند رہتی ہے، جس کے سبب ان کا کاروبار کئی مہینوں کے لیے کافی حد تک متاثر ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑک تقریباً اپریل کے مہینے میں ٹریفک کی آمدورفت کے لئے کھولی جاتی تھی، تاہم گزشتہ دو برسوں سے پی ایم جی ایس وائی اور مکینکل محکموں کی انتھک کاوشوں کی وجہ سے مذکورہ رابطہ سڑک مارچ کے مہینے میں ہی ٹریفک کی آمدورفت کے لئے کھولی جاتی ہے۔
اس ضمن میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا اسکیم کے چیف انجینئر رفیق احمد رفیق کا کہنا ہے کہ مرگن ٹاپ کے اوپری علاقوں میں برفباری بہت زیادہ ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وہاں برف کو ہٹانے میں عملے کو کافی مشعقت کرنی پڑتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں سے سڑک کا تعمیراتی کام پی ایم جی ایس وائی نے اپنے ضمے لیا ہے اور ہمارے کوشش ہوتی ہے کہ ہم مذکورہ سڑک کو جلد از جلد ٹریفک کی نقل حمل کے لئے یقینی بنایا جائے گا۔
رفیق احمد کا کہنا ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک پر برف ہٹانے کا کام تقریباً اختتام پذیر ہوا ہے، جبکہ سوا سو میٹر رابطہ سڑک پر برف ہٹانے کا کام بھی شدومد سے جاری ہے، جو چند روز میں مکمل ہوجائے گا اور رابطہ سڑک پر ٹرانسپورٹ کی بحالی کو ممکن بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ موسم گرما میں مڑواہ کے لوگ راشن اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء اپنے گھروں میں ذخیرہ کرتے ہیں، جسے وہ سردیوں کے ایام میں اپنی روز مرہ کی زندگی میں استعمال میں لاتے ہیں۔ جنوبی ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ اور مرواہ کشتواڑ کے بیچ مرگن ٹاپ ایک ایسا مقام ہے جو سیاحوں کو اپنی اور راغب کرتا ہے، سطح سمندر سے 12000 فٹ سے بھی ذائد بلندیوں پر واقع مرگن ٹاپ پیر پنچال کی پہاڑیوں کے چوٹیوں پر موجود ہے۔ اس مقام پر کشمیر خطہ کی حد ختم ہوجاتی ہے اور صوبہ جموں کی شروعات ہوجاتی ہے۔