اننت ناگ:وادی کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ جنوبی ضلع اننت ناگ میں بھی جمعہ کی صبح میدانی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ پہاڑی علاقوں میں بھاری جبکہ میدانی علاقوں میں درمیانہ درجہ کی برفباری ہوئی۔ اس بیچ انتظامیہ کی جانب سے برفباری کے دوران پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے قبل از وقت انتظامات کیے گئے تھے۔
برفباری شروع ہوتے ہی مکینکل انجینئرنگ محکمہ کی جانب سے مشینریز کو عملہ سمیت شہری اور دیہی علاقوں میں روانہ کیا گیا اور تمام رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کی مہم شروع کی گئی، جس دوران پہلے اہم شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام ترجیہی بنیادوں پر شروع کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ شہر اور گاؤں دیہات کے خارجی اور داخلی راستوں سے برف ہٹائی گئی۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ایم ای ڈی محکمہ کے جونئر انجینئر ملک اظہر نے کہا کہ پورے ضلع میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شدومد سے جاری یے، تاہم قبل از وقت اپیل کرنے کے باوجود بعض غیر ذمہ دار لوگوں نے سڑکوں کے کنارے گاڑیاں پارک کرکے رکھی ہیں جس سے انہیں برف ہٹانے میں کافی دشواری ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم خوشگوار ہونے تک برف ہٹانے کا کام جاری رہے گا تاکہ عوام کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔