اننت ناگ: ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے کاہچرائی اور سرکاری اراضی پر کام کرنے والے مختلف اسٹون کرشرز کے خلاف بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائی انجام دی۔ ضلع میں گزشتہ کئی روز سے ’’با اثر لوگوں کے خلاف وسیع پیمانے پر غیر قانونی قبضہ کو ہٹانے کی مہم میں تیزی‘‘ لائی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق انجام دی گئی انہدامی کارروائی بھی اسی کڑی کا ایک حصہ ہے۔
محکمہ مال کے ایک سینئر افسر کے مطابق متعدد تجارتی اداروں کی نشاندہی پہلے ہی کی گئی ہے جنہوں نے غیر قانونی طریقہ سے سرکاری اراضی کو ہڑپ کر اسے اپنے کاروباری مفاد کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایسے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ از خود سرکاری اراضی کو حکومت کے حوالے کریں، ایسا نہ کرنے کی صورت میں ان کے خلاف اسی طرح کی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے تحت نیپورہ، اننت ناگ میں 5 اسٹون کرشر یونٹس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جس دوران بلڈوزر کے ذریعہ ڈھانچوں کو ہٹا کر انتظامیہ نے زمین اپنی تحویل میں لے لی۔ انتظامیہ کے مطابق مذکورہ اسٹون کریشر مالکان کو کچھ روز پہلے ہی نوٹس بھیجا گیا تھا، جس کے بعد بدھ کے روز سے با ضابطہ طور ان کے خلاف انہدامی کارروائی شروع کی گئی۔