اننت ناگ: جنوبی ضلع اننت ناگ میں سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے عسکریت پسندوں کو پناہ دینے کی پادائش میں ایک زیر تعمیر مکان کو اٹیچ کیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کو منطقی مدد فراہم کرنے والوں کے خلاف اپنا کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے ایس آئی یو اننت ناگ نے مجاز اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنے کے بعد دانوتھ پورہ کوکرناگ میں عسکریت پسند معاون کے ایک زیر تعمیر رہائشی مکان کو قرق کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس تھانہ کوکرناگ میں درج ایف آئی آر زیر نمبر 103 کی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ عسکریت پسند معاون محمد اسحاق ولد محمد سیف اللہ ملک ساکن دانوتھ کوکرناگ کے زیر تعمیر رہائشی مکان کو عسکریت پسند سرگرمیوں کے لئے استعمال میں لایا گیا ہے۔ موصوف ترجمان کے مطابق صوبائی کمشنر کشمیر کی جانب سے کنفرمیشن کے بعد عسکریت پسند معاون کے زیر تعمیر رہائشی مکان کو یو اے پی اے ایکٹ سیکشن 25 کے تحت قرق کردیا گیا۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ملی ٹینٹوں کو اپنے گھروں میں پناہ یا دوسری قسم کی مدد فراہم کرنے سے گریز کریں۔