پیر پنچال کی اونچی چوٹیوں کے بطن میں واقع برف کی سفید چادر سے ڈھکا پرُ کشش اور قدرتی مناظر سے بھر پور سنتھن ٹاپ دنیا کا منفرد سیاحتی مقام ہے۔
سنتھن ٹاپ کے ارد گرد پہرے دار برفیلے اور سر سبز پہاڑیاں جنت کے ٹکڑے پر وارد ہونے کا احساس دلاتی ہے۔یہ ایک ایسی جگہ ہے جو گرمیوں کے موسم میں سردی کا احساس دلاتی ہے، یہاں کی ٹھنڈی ہوائیں روحوں کو ترو تازہ کرتی ہیں۔ چپے چپے پر آبشار، پگھلتے گلیشیرز سے نکلتا ہوا صاف و شفاف ٹھنڈا پانی اونچی چوٹیوں پر موجود سفید برف پر آفتاب کی ٹکراتی کرنیں گویا سفید موتی بکھیرے رہی ہو۔
سنتھن ٹاپ ضلع اننت ناگ کے سب ضلع کوکرناگ کے وادئے برنگ میں واقع ہے، سطح سمندر سے12797فُٹ کی بلندی پر واقع سنتھن ٹاپ پیر پنچال کی پہاڑیوں کے چوٹیوں پر موجود ہے. اس مقام پر کشمیر خطہ کی حد ختم ہو جاتی ہے اور صوبہ جموں کی شروعات ہوجاتی ہے۔ اس کا کچھ حصہ جموں صوبہ کے ضلع کشتواڑ کے حدود میں آتا ہے۔