ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ میں سینٹرل شیپ بریڈنگ ریسرچ فارم قائم ہے۔ سنہ 1971 میں مرکزی حکومت کے تعاون سے یہاں شیپ بریڈنگ ریسرچ فارم کا قیام عمل میں لایا گیا۔ شیپ فارم کی تعمیر و تجدید کے لئے تقریباً 10 سال کا عرصہ لگا۔ دس سال گزرنے کے بعد 1981 میں پہلی مرتبہ فارم میں آسٹریلیا سے مرینو نسل کے بھیڑ بکریوں کو لایا گیا، تاکہ اچھی نسل کے بھیڑ پیدا کیے جائیں۔
فارم کے عہدیدار آسٹریلین مرینو نسل کے جانوروں کو مقامی بھیڑ پالنے والے افراد کو کچھ عرصے کے لئے دیتے ہیں، جہاں پر ان کی کراس بریڈنگ کروائی جاتی ہے۔ مذکورہ بریڈنگ فارم میں تقریباً 80 ملازمین کام کر رہے ہیں۔ شیپ بریڈنگ فارم وائلد لائف سینچری سے متصل ہے، اس لیے بھیڑوں کو جنگلی جانوروں سے محفوظ رکھنے کے لئے فارم میں ملازمین تعینات کیے گئے ہیں۔
شیپ بریڈنگ ریسرچ فارم میں تعینات ویٹرنری اسسٹنٹ سرجن ڈاکٹر ناصر منظور کا کہنا ہے کہ 'ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم یہاں کراس بریڈنگ کروا کے زیادہ سے زیادہ اچھی نسل کے بھیڑوں کو تیار کروا سکیں، جس سے یہاں کے مقامی لوگوں کو فائدہ ہو'۔