اننت ناگ:وادی کشمیر میں گزشتہ روز ہوئی برف باری کے بعد حکام نے سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بند کر دی تھی۔ تاہم موسم میں بہتری آنے کے بعد ہفتہ کی صبح چھوٹی مسافر و بردار گاڑیوں کو جموں اور کشمیر کے بیچ چلنے کی اجازت دے دی گئی۔ حکام کا کہنا ہےکہ قومی شاہراہ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے مکمل بحال کرنے کی ششیں جاری ہیں تاہم اس بیچ شاہراہ پر درماندہ چھوٹی مسافر اور مال بردار گاڑیوں کو ہی آگے بڑھنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
ادھر، گزشتہ روز سے کشمیر میں سینکڑوں کی تعداد میں مال بردار گاڑیاں درماندہ ہیں اور درماندہ مسافروں خاص کر ٹرک ڈرائیوروں کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ درماندہ ٹرک ڈرایوروں نے الزام عائد کیا کہ ’’انتظامیہ کی جانب سے انہیں شدید سردی میں راحت پہنچانے کےلیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔‘‘ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے متعدد ڈرائیوروں نے کہا کہ روڈ ٹیکس سمیت دیگر کئی ٹیکس ادا کرنے کے باوجود مصیبت کے وقت ڈرائیوروں کی داد رسی اور امداد کے لیے کئی بھی محکمہ سامنے نہیں آتا۔