اننت ناگ:ضلع انتظامیہ اننت ناگ کی جانب سے اراضی معاملات سے متعلق 15 روزہ سروسز ڈیلیوری کیمپس کا انعقاد شدومد سے جاری ہے۔ کیمپس کا انعقاد ضلع کے تمام حلقوں میں 13 سے 28 فروری تک جاری رہے گا۔ ان کیمپس میں اراضی سے متعلق عوامی شکایات کا ازالہ کرنے، اراضی پاس بُک کی اجرائی، زمیونوں کا انتقال، گرداوری و دیگر معاملات کے ازالہ کیا جائے گا، تاکہ عوامی شکایات کے ازالے لوگوں کی دہلیز پر ممکن ہو اور لوگوں کو متعلقہ دفاتر کی طوالت سے چھٹکارا مل سکے۔
کیمپس کے دوران تحصیلداران اور نائب تحصیلداروں کی نگرانی میں محکمہ مال سے وابستہ ٹیمیں اپنے اپنے حلقوں میں ان کیمپس کا انعقاد کر رہے ہیں، جس دوران لوگ اراضی سے متعلق مسائل و مطالبات اور تنازعات کو اجاگر کرتے ہیں، جن کا موقعہ پر ہی ازالہ ممکن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
وہیں لوگوں کو زمینوں کا انتقال، پاس بُک و دیگر لازمی دستاویزات کی فراہمی کو بھی ممکن بنایا جا رہا ہے۔13 فروری سے جاری یہ سروس کیمپس معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد سروس ڈیلیوری کیمپس میں شرکت کر رہے ہیں اور اس سروس سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔