یہ مہم کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر چلائی گئی، تاکہ ان مذہبی مقامات پر عبادت کرنے کی غرض سے آنے والے لوگوں کو وائرس کے خطرات سے محفوظ رکھا جائے۔
اننت ناگ: کورونا وائرس کے پیش نظر صاف صفائی - coronavirus in anantnag
جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع میونسپل کمیٹی مٹن کی جانب سے اکثریتی و اقلیتی طبقہ سے وابستہ لوگوں کے مذہبی مقامات پر صاف و صفائی کی مہم عمل میں لائی گئی۔
میونسپل کمیٹی مٹن کے ایگزیکٹیو افسر طارق احمد کی زیر قیادت تشکیل کردہ ٹیم کی جانب سے ضلع اننت ناگ کے مٹن علاقہ میں موجود تاریخی سُوریہ مندر، گردوارہ مٹن اور مسجد کی صاف و صفائی کی گئی، جس دوران ان تینوں مذہبی مقامات کے ارد گرد، صحنوں اور دیواروں پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا۔
میونسپل انتظامیہ کے عہدیداروں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ صاف و صفائی کا خاص خیال رکھیں اور حکومت کے احکامات پر عمل کریں۔ انہوں نے لوگوں سے اپنے گھروں میں قیام کرنے کی تاکید کی اور طبی ماہرین کی جانب سے جاری کردہ ہدایات، بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کو اپنانے پر زور دیا تاکہ اس مہلک وائرس کو پھیلانے سے روکا جا سکے۔