اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے سب ضلع کوکرناگ میں محکمہ تعمیرات عامہ اور دیہی ترقی محکمہ کی زیر نگرانی مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کی غرض سے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کوکرناگ، سہیل احمد لون نے محکمہ کے دیگر افسران کے ہمراہ کوکرناگ کے لارنو علاقے میں کھیل کے میدان کا جائزہ لیا۔ ایس ڈی ایم نے علاقے میں تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے علاوہ عوامی وفود سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے لوگوں کو درپیش آنے والے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔
اس موقع پر ایس ڈی ایم کوکرناگ نے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا، جس میں متی ہندو میں سڑک کی تعمیر اور گورنمنٹ ڈگری کالج لارنو سر فہرست ہیں۔ اس دوران رابطہ سڑک کی تعمیر میں آر اینڈ بی کو درپیش رکاوٹوں کو موقع پر ہی حل کیا گیا تاکہ پیش رفت کو تیز کیا جا سکے۔ مقامی لوگوں نے تعمیراتی کام کی تکمیل میں سب ڈویژن انتظامیہ کی کاوشوں کو کافی سراہا۔ وہیں ایگزیکیو ایجنسی اور انجینئرنگ ٹیم کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اگست 2024 کی مقررہ مدت کے اندر جی ڈی سی لارنو کی تعمیر کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔