قدیم زمانے میں ندی نالوں کا پانی پینے اور دیگر ضروریات زندگی کے لئے بہ آسانی استعمال میں لایا جاتا تھا۔ اُس وقت نہ تو کہیں پر کوئی نل لگا ہوا تھا اور نہ ہی کہیں پر پینے کے پانی کی کوئی فلٹریش ہوا کرتی تھی۔ غرض قدرت کی اس دین کا ہر فرد بے تحاشا استعمال کیا کرتا تھا۔ قدرت کی جانب سے عطا کردہ ان ندی نالوں میں مچھلیاں بھی خوب پنپتی تھیں۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ قدرت کے یہ آبی زخائر دن بہ دن آلودگی سے دو چار ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے عوامی حلقوں میں کافی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ میں موجود دریائے برنگی ہے۔ یہ ضلع اننت ناگ کے مختلف دیہات کو سیراب کرتی ہے۔ جبکہ ایک دہائی قبل لاکھوں لوگ مذکورہ دریا سے اپنی پیاس بجھایا کرتے تھے، لیکن اب شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی دن بہ دن آلودگی کا اثر بڑھنے لگا ہے۔ جس کے نتیجے میں قدرت کے یہ انمول تحفے اپنی آخری سانسیں گن رہے ہیں۔
دریائے برنگی پر اینگلینگ (فیشنگ) کرنے والے نوجوانوں کا کہنا ہے کہ حلقہ کے دندیپورہ علاقے میں دریائے برنگی کے کنارے چند برس قبل کوکرناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ایک پارک کا قیام عمل میں لایا تھا۔ اگرچہ مذکورہ پارک میں محکمہ سیاحت نے ڈسٹبینز بھی لگائے ہیں، تاہم ان میں سیاحوں کی جانب سے جمع کردہ کوڈا کچرا محکمہ کے ملازمین دریائے برنگی کے کناروں پر ڈال دیتے ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف دریائے برنگی کا پانی آلودہ ہو جاتا ہے بلکہ دریا میں پنپنے والی ٹراوٹ مچھلیوں کے ناپید ہونے کا خطرہ بھی لاحق ہے۔