اننت ناگ:بی جے پی جموں کشمیر یُو ٹی کے صدر رویندر رینہ نے حال ہی میں عسکریت پسندوں کی جانب سے ہلاک کئے گئے بارہویں جماعت کے طالب علم ساحل بشیر کے گھر جا کر تعزیت کی۔ جس دوران انہوں نے نوجوان کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردری کا اظہار کیا۔ رینہ کے ہمراہ، پارٹی کے سینئر رہنما محمد رفیق وانی، سید وجاہت و دیگر کئی سینئر رہنما بھی تھے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے رویندر رینہ نے کہا کہ ساحل بشیر کے قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہتے بے گناہ معصوم نوجوان کا قتل انسانیت کا قتل ہے، جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ چند شر پسند عناصر جموں کشمیر میں امن نہیں چاہتے ہیں، اسلئے امن دشمن عناصر ایسے بے گناہ شہریوں کا بے دردانہ قتل کرکے یہاں خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں جن کو بخشا نہیں جائے گا۔