اننت ناگ / پلوامہ (جموں کشمیر) :عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں جموں و کشمیر کے یمین و یسار میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ عید میلاد کی نسبت سے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کی بیشتر مساجد، خانقاہوں، عمارتوں اور شاہراہوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ عقیدت مندوں نے رات بھر خانقاہوں، مساجد اور بقعہ جات میں منعقدہ ذکر و اذکار، درود و مناجات، وعظ و نصیحت اور نعتیہ مجالس میں شرکت کی۔
جمعہ کو عید میلاد النبی ﷺ کی نسبت سے اننت ناگ ضلع کے ریشی بازار سے ایک جلوس برآمد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ جلوس میں بچوں کو عورتوں اور خاصی تعداد بھی شامل رہی اور اپنے عقیدے کا اظہار کیا۔ جلوس قصبہ اننت ناگ کے مختلف بازاروں سے ہو کر زیارت شریف حضرت بابا حیدر ریشی رحمہ اللہ کے صحن میں پر امن طریقے پر اختتام ہوا۔ اس دوران آمد رسول ﷺ کا جشن منایا گیا اور پورے عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی گئی۔ جلوس میں شامل عقیدت مندوں نے آقائے نامدار حضرت محمد ﷺ کی آمد کو پوری قاینات کے لیے مبارک قرار دیا اور اور پر نم آنکھوں سے اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی پناہ مانگتے ہوئے جلوس میں شرکت کی۔
مزید پڑھیں:Eid e Milad Celebration in Kashmir: آج شب، کل دیدار موئے مقدسﷺ