ضلع اننت ناگ کے چھترگل چاکلی پورہ کے لوگوں نے محکمہ جنگلات کے کنزرویٹر دفتر بجبہاڑہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجیوں کا الزام ہے کہ مذکورہ علاقہ میں ایک مقامی شخص نے تقریبا تین سو کنال جنگلاتی اراضی پر ناجائز قبضہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص علاقہ کی عوام کو مویشی اور بھیڑ بکریاں چرانے سے اعتراض کر رہا ہے۔ جس کی وجہ سے علاقہ کی پوری آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو متعلقہ محکمہ کے اعلی عہدیداروں کی نوٹس میں لانے کے بعد بھی کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔
البتہ محکمہ کی جانب سے ایک گاؤ خانہ کو منہدم کیا گیا جبکہ رہائشی مکان کو ابھی تک مسمار نہیں کیا گیا۔ ان کا الزام ہے کہ غیر قانونی قبضہ کرنے والے شخص کو محکمہ کے چند ملازمین کی پشت پناہی حاصل ہے۔