حلقہ انتخاب کوکرناگ کے ناگم علاقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ یہاں سے گذرنے والی رابطہ سڑک کافی تنگ ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف علاقہ میں اکثر بیشتر ٹریفک جام لگا رہتا ہے، بلکہ لوگوں کو چلنے پھرنے میں بھی کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رابطہ سڑک اتنی تنگ حالی کی شکار ہوئی ہے کہ دو گاڑیاں ایک ساتھ کراس نہیں ہو پاتیں۔ یہی صورتحال ٹریفک جامینگ کا سبب بنتی ہے۔
لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے اگرچہ کئی سال قبل یو ٹی انتظامیہ نے ناگم علاقہ میں رابطہ سڑک کی کشادگی کرنے کے لئے ایک منصوبہ بنایا تھا، لیکن کئی سال گذرنے کے باوجود حکومت کا منصوبہ صرف کاغذات تک ہی محدود رہا۔ نتیجتاً علاقہ کی کثیر آبادی ٹریفک جام کے مسئلے سے مختلف دقتیں جھیل رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں جب بھی کوئی ایمرجنسی ہوتی ہے، تو اُس وقت انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خاص طور سے علاقہ کے بزرگ اور بچوں کو چلنے پھرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ علاقہ میں تنگ سڑک ہونے کی وجہ سے کئی بار ایکسیڈنٹز بھی رونما ہو چکے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے ڈیڑھ سال قبل محکمہ آر اینڈ بی میں گورنمنٹ ریسیپٹ بھی بھرا تھا۔ تاہم ابھی تک مذکورہ علاقہ میں مختلف تجاوزات کو منہدم کیا گیا اور نہ ہی رابطہ سڑک پر کوئی تعمیرات شروع کی گئی۔