پی ڈی پی یاترا کا کشمیر میں استقبال کرے گی، پارٹی ترجمان اننت ناگ: جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے ’’بھارت جوڑو ياترا‘‘ کے سلسلے میں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کھنہ بل، ڈاک بنگلوو میں پارٹی کے جنوبی کشمیر کے لیڈران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ میں بھارت جوڑو یاترا اور پارٹی کے دیگر امور پر محبوبہ مفتی نے لیڈران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ کے حاشیہ پر پارٹی ترجمان سید اقبال طاہر نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی نے بھارت جوڑو یاترا کے سلسلے میں ایک خاکہ مرتب کیا ہے اور پارٹی کارکنان کشمیر میں بھارت جوڑو یاترا میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔ انکے مطابق پی ڈی پی کشمیر میں بھارت جوڑو یاترا کا حصہ بنے گی اور راہل گاندھی کا بھر پور طریقے سے استقبال کرے گی۔ انکے مطابق اس حوالہ سے پارٹی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’بھارت جوڑو یاترا کو کشمیر میں کامیاب بنانے کے لئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کانگریس کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی جس کے لئے پارٹی نے ایک خاکہ مکمل کر لیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس یاترا کا مقصد بھارت کو جوڑنا ہے اور ہم بھارت میں اتفاق و اتحاد کے ہمیشہ سے ہی حامی رہے ہیں۔ بھارت جوڑا یاترا میں، وادی کشمیر میں، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ کارکنان حصہ لیں گے۔
مزید پڑھیں:Bharat Jodo Yatra بھارت جوڑو یاترا گُپکار الائنس کو ننگا کرنے کا آخری موقع ہے، الطاف بخاری
یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جنوبی ہند سے ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ شروع کی۔ مختلف ریاستوں سے ہوتے ہوئے چند روز قبل صوبہ جموں کے کٹھوعہ ضلع میں داخل ہوئی اور جلد ہی وادی کشمیر میں داخل ہوکر سرینگر میں اختتام ہوگی۔ بھارت جوڑو یاترا میں کئی سرکردہ شخصیات نے اب تک شرکت کی ہے وہیں جموں و کشمیر میں بھی غیر بی جے پی، تقریباً سبھی، سیاسی جماعتوں نے شرکت کی حامی بھری ہے۔