جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گوپالپورہ میں لوگوں نے جموں و کشمیر بینک کی شاخ نہ کھولنے پر بینک کے اعلیٰ عہدیداران کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
اننت ناگ کے گوپالپورہ میں جے اینڈ کے بینک کی شاخ کا مطالبہ
گوپالپورہ میں بینک کی شاخ کے لئے عمارت تعمیر کراکر اس پر بورڈ بھی نصب کیا گیا لیکن دو سال گزر جانے کے باوجود بینک نہیں کھولا گیا۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ ہم پچھلے کئی سالوں سے گوپالپورہ میں بینک کی شاخ کھولنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دو سال قبل بینک کے عہدیداروں نے بینک کے قیام کے لیے عمارت تیار کرنے کے لئے گوپالپورہ باشندہ طاریق احمد خان کو کہا اور انہوں نے مارکیٹ کے قریب واقع اپنے 20 سال پرانے میوہ باغ کے درخت کاٹ کر ایک عمارت تعمیر کرائی اور بعد میں جموں و کشمیر بینک کے عہدیداروں نے اس پر اپنا بورڈ بھی نصب کیا لیکن کچھ ہی مہینوں کے بعد اس بورڈ کو راتوں رات اتار کر غائب کر دیا گیا اور دو سال گزر جانے کے بعد بھی بینک کی شاخ قائم کرنے کی ہماری دیرینہ مانگ کو پورا نہیں کیا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ان لوگوں کے ساتھ دھوکا ہے اور طاریق احمد خان کے ساتھ بھی بڑا دھوکہ ہے کیونکہ طاریق جسمانی طور سے معذور ہے اور اس نے میوؤں کے درختوں کو کاٹ کر لاکھوں روپے خرچ کر کے بینک والوں کے بتانے پر انکو بلڈنگ تیار کرکے دی۔
طاریق احمد نے بینک عہدیداران پر دھوکہ دہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بینک انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے انکی املاک کو کافی نقصان ہوا ہے۔ کئی بار معاملہ انکی نوٹس میں لانے کے بعد بھی بینک انتظامیہ نے کوئی کاروائی نہیں کی۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے انصاف کرنے کی درخواست کی۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ دیرینہ مطالبہ کے پیشِ نظر بینک انتظامیہ نے ایک شاخ قائم کرنے کے اقدامات کئے تھے، تاہم نامعلوم وجوہات کے بنیاد پر علاقے میں بینک کی شاخ قائم نہ کرنا علاقے کی کثیر آبادی کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔
اس معاملے پر ای ٹی وی بھارت نے جب زونل ہیڈ آفس میں بات کرنی چاہی تو انہوں نے توجہ مرکوز نہیں کی اور کوئی بھی معقول جواب نہیں دیا۔