جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں قمر شاہ آباد سے لے کر چوگنڈ تک سڑک انتہائی خستہ حالی کی شکار ہے۔ پانچ کلو میٹر لمبی اس سڑک پر گہرے کھڈے پڑے ہوئے ہیں۔ جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدروفت اب بند ہو چکی ہے۔
مقامی لوگوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا 'سڑک اب تالاب میں تبدیل ہو چکی ہے، اگر چہ ہنگی پورہ سے قمر اور چوگنڈ سے ویری ناگ تک سڑک پر گذشتہ ہفتے میگڈم بچھایا گیا تاہم نامعلوم وجوہات کے سبب بچی ہوئی پانچ کلو میٹر لمبی سڑک پر میگڈم نہیں بچھایا گیا، جس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات پیش آرہی ہیں'۔
سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے عوام پریشان یہ بھی پڑھیے
کولگام: یاری پورہ کانجی کولہ میں محاصرہ شروع
سڑک پر گاڑیوں کی آمدروفت بند ہونے کی وجہ سے لوگ پیدل چلنے پر مجبور ہیں۔ اسسٹنٹ ایگزکیٹو انجینئر آر اینڈ بی ڈورو کا کہنا ہے 'سڑک مرکزی معاونت والی اسکیم سی آر ایف کے تحت بن رہی ہے اور میگڈم بچھانے کا کام جہلم کنسٹریکشن نامی ایجنسی کو سونپا گیا ہے۔ تاہم ایجنسی پہلے سابقہ واجب الادا رقم واگذار کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے'۔
اُنہوں نے کہا 'گذشتہ روز ایجنسی کو حتمی نوٹس دیا گیا ہے۔ جس میں لکھا گیا ہے کہ سڑک پر رکا پڑا کام مکمل کیا جائے تاہم ایجنسی مانگ کر رہی ہے کہ پہلے رقم ادا کی جائے پھر کام شروع کیا جائے گا'۔