اننت ناگ:اگر ہمت ہو تو کچھ بھی نامکمن نہیں۔ کشمیر میں ہنرمند نوجوانوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ کشمیری نوجوانوں نے ہر میدان میں اپنا لوہا منایاہے، چاہئے وہ کھیل کا میدان ہو یا زندگی کا کوئی اور شعبہ۔ کشمیری نوجوان ہر وقت سرفرست رہے ہیں۔
ہٹمره اننت ناگ کے سکھ فرقے سے تعلق رکھنے والے پون جیت سنگھ سوڈی نے نیپال میں منعقدہ انڈو _ نیپال مکسڈ نیٹ بال چمپئن شپ میں انڈیا کی نمائندگی کر کے گولڈ میڈل جیتا اور اس طرح ٹیم انڈیا کو جیت سے ہم کنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پون جیت سنگھ سوڈی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قومی و بین الاقوامی سطح پر لوہا منوا کر ملک اور جموں کشمیر کا نام روشن کیا۔
جوں ہی پون جیت سنگھ سوڈی نیپال سے گھر واپس آئے تو ہٹمرہ میں ان کے علاقہ میں لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں مبارکباد پیش کرنے کے لیے ان کے گھر میں لوگوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ پون جیت نے ان کی اس کامیابی کو پورے جموں کشمیر کی کامیابی قرار دیا۔
انہوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جیت پورے کشمیر کے نوجوانوں کو وقف کرتے ہیں۔ انہوں نے کشمیری نوجوانوں کو بھی تعلیم اور اسپورٹس کی جانب راغب ہونے کی تلقین کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر انسان ہمت کرے تو کچھ بھی نا مکمن نہیں ہے۔