اننت ناگ (جموں کشمیر) :فوج کے شمالی (ناردرن) کمان کے کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دیویدی، نے چنار کور کمانڈر کے ہمراہ جنونی کشمیر کے پلوامہ اور اننت ناگ اضلاع کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے راشٹریہ رائیفلز بٹالین کا جائزہ لیا اور موجودہ صورتحال کے بارے میں سینئر فوجی افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا، جس دوران انہوں نے عسکریت پسندوں کے خلاف چلائے جا رہے آپریشنز کے لائحہ عمل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے آپریشنل اور سرمائی حکمت عملی کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔
آپریشن گراؤند کمانڈرز نے جنرل دیویدی کو عسکری مخالف آپریشنز کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ ملیٹنسی مخالف ہائی انٹنسٹی آپریشنز اور آپریشنز کے دوران ہائی ٹیک آلات کے استعمال کے بارے میں گراؤنڈ کمانڈرز نے جنرل دیویدی کو بریفنگ دی۔ آرمی کمانڈر نے کامیاب آپریشنز کے لئے فوج اور دیگر سکیورٹی ایجنسیز کے درمیان آپسی تال میل کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے فوج اور جموں کشمیر پولیس کے دستوں کےساتھ ملاقات کے دوران ان کی ملیٹنسی مخالف جنگی تیاریوں کے اعلیٰ معیار پر ان کو مبارکباد دی۔