ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب بجبہاڑہ میں قائم شول وانپورہ علاقے میں کئی سال قبل سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کے لئے محکمہ آر اینڈ بی کی الیکٹریکل ونگ نے کھمبے تو لائے تھے، تاہم کئی سال گذر جانے کے باوجود ان کھمبوں کو نصب نہیں کیا گیا۔ جس کے چلتے لوہے کے ان کھمبوں میں زنگ لگنے کی وجہ سے بوسیدہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔
اگرچہ انتظامیہ کی جانب سے شول وانپورہ میں لوگوں کو راحت پہنچانے کے غرض سے ایک منصوبے کے تحت لاکھوں روپئے خرچ کر کے بجلی کے کھمبے علاقے میں پہنچائے گئے۔ تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر ان کھمبوں کو ایک تویل عرصہ گذر جانے کے بعد بھی ابھی تک نصب نہیں کیا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں ایک منصوبہ کے تحت ریلوے ٹریک کے لئے گھاس چرائی کی زمین استعمال میں لائی گئی تھی، جس کے عوض سرکار نے مزکورہ علاقے میں تعمیر و ترقی کی راہ کو ہموار کرنے کے لئےکروڈوں روپے خرچنے کی یقین دہانی کی تھی۔ سرکار کے منصوبہ کے تحت بجلی کے یہ کھمبے علاقے تک پہنچائے گئے تھے۔ لیکن کئی سال گذر جانے کے بعد بھی یہ کھمبے دھول اور مٹی چاٹ رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے بےکار پڑے ان کھمبوں میں زنگ لگنے کی وجہ سے بوسیدہ ہو رہے ہیں۔