اننت ناگ:وومنز ڈگری کالج کے آڈیٹوریم میں بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ پروگرام کے تحت نیشنل گرل چائلڈ ڈے کے موقعہ پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام محکمہ سوشل ویلفیئر اور وومنز کالج کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ اس موقعہ پر سوشل ویلفیئر افسر اننت ناگ، ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے سکریٹری، ڈگری کالج کے پروفیسر صاحبان کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے وابستہ خواتین اور طالبات موجود تھیں۔
پروگرام کے دوران مقررین نے بیٹی کی اہمیت اور عظمت کے بارے میں روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں بیٹی کے وقار کو بلند کرنے کی ہر سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، جس کے ذریعہ سماج تک بیٹی کی اہمیت، افادیت اور سماج میں بیٹیوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا جاتا ہے، تاکہ سماج میں بیٹیوں کو ایک بوجھ نہ سمجھا جائے۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر افسر اننت ناگ نے کہا کہ 2015 میں بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اسکیم وجود میں لائی گئی تھیں، جس کے بعد مختلف اسکیموں کے ذریعہ بیٹیوں کو مستفید کیا جا رہا ہے۔
وہیں اس حوالے سے کئی شعبہ جات سے وابستہ افراد نے کہا کہ، بیٹیاں قوم کا معیار ہیں۔وہ ہر میدان میں لڑکوں سے آگے نکل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سماج میں ہر فرد خاص کر والدین پر ذمی داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کا خاص خیال رکھیں۔