اننت ناگ پولیس کے مطابق گرفتار افراد آن لائن پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے علاقے کے نوجوانوں کو عسکریت پسندی سے وابستہ معاملات کے سلسلہ میں تربیت دے رہے تھے۔
اس کے علاوہ انہیں عسکری تنظیموں، لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین میں شمولیت کی ترغیب بھی دے رہے تھے۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر ضلع بارہمولہ کے رہنے والے عامر ریاض لون کو گرفتار کیا گیا۔ مذکورہ ملزم سے الیکٹرانک آلات اور دیگر مشتبہ مواد بر آمد کیا گیا۔ جس کا تجزیہ کرنے پر پتہ چلا کہ ملزم بارہمولہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ سرگرم عسکریت پسند ہلال شیخ کے ساتھ رابطے میں ہے۔
اس کے انکشاف پر یہ بات سامنے آئی کہ ریاض کا ایک ساتھی ضلع اننت ناگ کے سیر ہمدان علاقہ کے رہنے والے اویس احمد کے رابطہ میں تھا۔ جو دھماکہ خیز مواد تیار کر رہا ہے. جس کے بعد اسے بھی فوراً گرفتار کیا گیا.
مزید تفتیش کے بعد دو دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت ضلع پلوامہ کے راجپورہ قاضی محلہ کے رہنے والے تامل صہیب مظفر قاضی اور کولگام کیموہ کے رہائشی طارق احمد ڈار کے طور پر ہوئی ہے۔