اننت ناگ (جموں و کشمیر):ضلع ترقیاتی کمشنر، اننت ناگ، سید فخرالدین حامد نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول دمحال میں ایک تقریب کے دوران ’میری ماٹی میرا دیش‘ مہم کا افتتاح کیا۔ اس تقریب کے بعد پروگرامز کی ایک سیریز کا آغاز ہوا جس کا مقصد ’’ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے افراد کی شاندار قربانیوں کو یاد کرنا ہے اور انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔‘‘
ضلع ترقیاتی کمشنر کی زیر صدارت افتتاحی تقریب میں 200 سے زائد اسکولی بچوں اور مختلف محکموں کے عہدیداروں نے پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ انتظامیہ کے مطابق ’’میری ماٹی میرا دیش‘‘ مہم اُن تقریبات میں ایک خاص مقام رکھتی ہے، جو ملک کی تاریخ اور اس کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو اجتماعی خراج عقیدت کی علامت ہے۔ تقریب کے دوران حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی اننت ناگ، سید فخرالدین حامد، نے پروگارم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ مہم ضلع بھر میں سلسلہ وار تقریبات کے ذریعے ملک کے لئے جانیں قربان کرنے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔‘‘