اننت ناگ:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ویری ناگ علاقہ میں ریچھ نے ایک شخص پر حملہ کرکے اسے شدید طور پر زخمی کر دیا۔ ریچھ کے حملہ کے بعد زخمی ہوئے شخص کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے پبلک ہیلتھ سنٹر ویری ناگ منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال اننت ناگ ریفر کر دیا گیا۔ زخمی ہوئے شخص کی شناخت محمد یعقوب نائیک ولد غلام حسن نائک ساکنہ بٹاگنڈ، ویری ناگ کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق یہ شخص اپنے گاؤں کے قریب سیب کے باغ میں کچھ کام کر رہا تھا کہ اچانک ایک ریچھ نے اس پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آس پاس کے لوگ فوری طور پر مدد کو پہنچے اور انہوں نے شور مچایا جس کے سبب ریچھ وہاں سے بھاگ نکلا۔ مقامی باشندوں نے خون میں لت پت محمد یعقوب کو فوری طور پر نزدیک اسپتال پہنچایا۔