اننت ناگ:وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں کرشن جنم اشٹمی جسے کشمیری میں ’’زرمہء سَتم‘‘ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے، کے موقع پر پنڈت برادری نے روایتی پوجا پاٹ اور جلسے جلوس کا بھی اہمتام کیا۔ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں مٹن، بجبہاڑہ علاقے میں بھی جنم اشٹمی بڑے ہی جوش و خروش سے منایا گیا۔ جنم اشٹمی کے موقع پر مارٹنڈ سوریہ مندر کو خصوصی طور پر سجایا گیا تھا جبکہ گزشتہ روز سے ہی مارٹنڈ سوریہ مندر میں عقیدت مندوں کی خاصی تعداد جمع ہو چکی تھی۔ اس سلسلے میں گزشتہ شام سے ہی مندر میں خصوصی پوجا پاٹ کے علاوہ بھجن اور دیگر تقریبات منعقد کی گئیں۔
دن بھر مارٹنڈ سوریہ مندر میں جنم اشٹمی کے موقع پر کشمیری پنڈتوں کا خاصا تاندا بندھا رہا۔ عقیدت مندوں نے سوریا مندر سے جانکی یاترا نکال کر کرشن بھگوان کی مورتی کو پالکی میں سجا کر ژاکہ مندر پہنچایا اور اسی ژاکہ مندر میں عقیدت مندوں نے کرشن بھگوان کے خصوصی پوجا پاٹ کا خاص اہتمام بھی کیا۔ عقیدت مندوں نے خوشی کا اظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’مٹن ہمیشہ سے ہی ہندو، مسلم اور سکھ اتحاد کا مرکز رہا ہے، مٹن میں ہر کوئی تہوار آپسی بھائی چارے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔‘‘