وادی کشمیر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر جہاں زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے وہیں یہاں کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی تصور کیے جانے والے شعبہ سیاحت پر بھی برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
بے پناہ حسن اور قدرتی نظاروں سے مالا مالا سیاحتی مقام پہلگام تشنہ سیاح ہے۔ پہلگام کے ہوٹل مالکان شدید مالی مشکلات سے دو چار ہیں اسکے علاوہ سیاحت سے جڑے دیگر افراد بھی کسمپرسی کے ایام گزار رہے ہیں۔
گزشتہ برس مرکزی سرکار کی جانب سے آئین ہند کی دفعہ 370 اور 35اے کے تحت جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی اختیارات کی منسوخی سے قبل ہی گورنر انتظامیہ نے وادی میں موجود سیاحوں اور یاتریوں کو فوری طور کشمیر چھوڑ کر واپس اپنے گھروں کو لوٹنے کی ہدایات دی تھیں، جس کے بعد سے کشمیر میں شعبہ سیاحت مکمل طور ٹھپ ہے۔