جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے دور افتادہ پہاڑی علاقہ کھارپورہ کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ اُن کے علاقے میں انیمل ہسبنڈری کا فقدان ہے، علاقے کی 99 فیصد آبادی مال مویشی کے کاروبار سے منسلک ہے جن کے مویشی وقت پر علاج نہ ملنے کے سبب مر جاتے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو لاکھوں روپے مالیت کے مویشیوں کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ علاقے میں پڑھے لکھے نوجوانوں کی کوئی کمی نہیں۔ تاہم اپنے لئے روزگار کے وسائل کو پُر کرنے کے لئے مقامی نوجوان مال مویشیوں کو پالنے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ مذکورہ علاقے میں ایسے وسائل ہی موجود نہیں ہے جس سے لوگ اپنا گزر بسر کر سکیں۔
نوجوانوں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے جانوروں کو پالنے میں کڑی محنت کرنی پڑتی ہے اور جب ان کا جانور بیچنے کے لائق ہوجاتا ہے تو انہیں مختلف اقسام کی بیماریاں لگ جاتی ہیں جس کی وجہ سے فروخت کرنے سے قبل ہی وہ مر جاتے ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ انیمل ہسبنڈری ان کے علاقے سے تقریباً 10 سے 15 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے جہاں جانوروں کو لے جانا کافی دشوار ثابت ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اکثر اوقات میں علاقے میں گاڑی بھی نہیں ملتی، جس کے ذریعے مقامی لوگ اپنے مال کو انیمل ہسبنڑری لے کر جاسکے۔