اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں حلقہ انتخاب کوکرکاگ میں محکمہ مال نے پیر تکیہ نامی علاقے میں ایک گورنمنٹ ملازم کی جانب سے مبینہ طور ندی کے نزدیک قبضہ میں لی گئی سرکاری اراضی پر تعمیر کی گئی دیوار کو منہدم کر دیا۔ محکمہ مال کے مطابق ’’اثر و رسوخ‘‘ رکھنے والے ایک گورنمنٹ ملازم نے بہتی ندی کے متصل سرکاری اراضی کو اپنے قبضہ لیکر اس کی دیوار بندی بھی کی تھی۔
محکمہ مال کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ ملازم کو کئی بار نوٹس ارسال کر کے ان سے از خود سرکاری اراضی پر سے قبضہ ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا جس پر، محکمہ کے مطابق، اُس شخص نے کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ محکمہ مال کا کہنا ہے کہ ضلع اننت ناگ کے ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر محکمہ مال نے مذکورہ علاقے میں انہدامی کارروائی انجام دیکر سرکاری اراضی کو واپس اپنی تحویل میں لے لیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حلقہ انتخاب کوکرناگ میں انتظامیہ کی جانب سے دن بھر کئی ڈھانچوں کو منہدم کیا گیا، جن میں وائلو اور ساگم علاقے قابل ذکر ہیں۔ انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پہلے ہی ان ڈھانچوں کے مالکان اور سرکاری اراضی قبضہ میں لینے والے افراد کو پیشگی نوٹس بھیجی گئی تھی، تاہم ڈھانچوں کے مالکان عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرتے رہے، جس کے چلتے ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے سب ضلع کوکرناگ کی انتظامیہ کو احکامات جاری کئے۔ حکم نامے کی پیروی کرتے ہوئے ایس ڈی ایم کوکرناگ نے ایک ٹیم تشکیل دی جس کی صدارت تحصیلدار کوکرناگ کر رہے تھے، حکم نامے کو عملانے کی غرض سے کئی علاقوں میں حلقہ انتخاب کوکرناگ کے متعدد مقامات پر ڈھانچوں کو منہدم کر دیا گیا۔