اننت ناگ (جموں کشمیر) :سینئر کانگریس لیڈر اور جے کے پی سی سی کے سابق صدر، جی اے میرم نے لداخ ہل کونسل انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر کرگل کی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ جی اے میر نے کہا: ’’جس طرح سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے لداخ میں الیکشن جیتنے کے لیے ایڑی چوڑی کا زور لگایا ور پھر بری طرح سے ہار کا سامنا کرنا پڑا اس سے انہیں سبق حاصل کرنا چاہئے۔ کرگل کے باشندوں نے انڈین نیشنل کانگریس اور جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے امیدواروں پر اپنا اعتماد ظاہر کیا وہ اس بات کا اشارہ کر رہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ساخت کمزور ہو چکی ہے۔‘‘ جی اے میر نے ان باتوں کا اظہار جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
جموں میں اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے حوالہ سے انہوں نے کہا: ’’بھارتیہ جتنا پارٹی جموں و کشمیر میں عوامی سرکار کے حق میں نہیں ہے اسی وجہ سے اسمبلی الیکشن کو ٹالا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جب بھی الیکشن کی بات آتی ہے تب یہ لوگ (بی جے پی) سکیورٹی کا بہانہ بنا کر کر انتخابات کو ٹال دیتے ہیں لیکن خود ہی چیخ چیخ کر دنیا کو بتا رہے ہیں کہ جموں و کشمیر حالات پوری طرح سے پر امن ہیں۔‘‘ میر کا کہنا ہے کہ ’’اب جبکہ اپوزیشن جماعتیں بی کے پی کے خلاف متحد ہو چکی ہیں، بی جے پی جموں وکشمیر میں الیکشن منعقد کرانے میں خوف محسوس کر رہی ہے۔‘‘