ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ کے پہاڑی علاقے اندرون اور اس سے متصل علاقوں کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے علاقے میں گاڑیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حالیہ بھاری برف باری کی وجہ سے جہاں زراعت یا باغبانی کے شعبے سے جڑے لوگ کافی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں دوسری جانب گزشتہ دنوں ہوئی برفباری نے بہت سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
اندرون کے لوگوں کا کہنا ہے کہ برفباری سے پہلے سازگار موسم میں مذکورہ علاقے میں کئی گاڑیاں دوڑتی نظر آجاتی تھیں، لیکن حالیہ برفباری کے بعد وہ سب گاڑیاں چلنی بند ہو گئیں۔ حالانکہ علاقے کی رابطہ سڑکوں سے برف پہلے ہی ہٹا دی گئی ہے، اس کے باوجود اندرون اور اس متصل علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی قلت پائی جا رہی ہے، جس کے باعث اس پسماندہ علاقے کے لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ اندرون میں کئی سومو سواری گاڑیاں موجود ہیں۔ لیکن ان کے مالک اپنی مرضی کے مطابق چلاتے ہیں۔ علاقے میں اس وقت محض ایک ہی سومو سواری گاڑی دوڑتی نظر آتی ہے، جس کے اندر اور باہر چھت پر بھی لوگ بیٹھ کر سواری کرتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جس طرح سے لوگ ہوائی جہاز کی ٹکٹ کے لئے کئی روز قبل ٹکٹ بک کر کے رکھتے ہیں، ٹھیک اسی طرز پر انہیں سومو گاڑی کے لئے بھی ٹکٹ بک کر کے رکھنا پڑتا ہے۔