حلقہ انتخاب کوکرناگ کے سنبراری کے لوگوں کا الزام ہے کہ علاقہ میں طبی سہولیات کا فقدان ہے۔ علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ جب بھی ان کے یہاں کوئی بیمار ہو جاتا ہے، تو انہیں آٹھ کلومیٹر دور کوکرناگ سب ڈسٹرکٹ اسپتال کا رُخ کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ علاقہ کی حاملہ خواتین کو اے این سی کارڈ بنانا مطلوب ہوتا ہے، تو مقامی خواتین کو کئی مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد کارڈ بن پاتا ہے۔ علاقہ میں معمولی سِر درد کی دوائی ملنا بھی ممکن نہیں۔ کیونکہ علاقہ میں کوئی نجی دوائی کلینیک بھی میسر نہیں ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق برفیلے ایام میں پورا علاقہ تحصیل ہیڈکوارٹر سے منقطع ہو جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں بیمار کو چارپائی پر اسپتال لے جانا پڑتا ہے۔ جبکہ درد زہ میں مبتلا خواتین کی داد رسی کرنے والا علاقہ میں کوئی بھی طبی عملہ موجود نہیں ہوتا۔ مذکورہ علاقہ کے پسماندہ لوگوں نے اگرچہ کئی بار حکام کے دروازے کھٹکھٹائے، تاہم کسی بھی اہلکار نے ان پر توجہ نہیں دی۔