جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ سے تقریباً 17 کلومیٹر کی دوری پر واقع فاٹن گڈول نامی ایک ایسا علاقہ ہے جہاں محکمہ جل شکتی نے مقامی لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی سہولیت پہنچانے کی غرض سے نل تو لگوائے، لیکن شدید سردی نے نلوں کے صاف پانی کو منجمد کر دیا ہے۔ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی تمام پائپ لائنیں منجمد ہونے کے سبب مقامی لوگ ماور نالے کا پانی پینے پر مجبور ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کا فقدان ہے۔ 90 کنبوں پر مشتمل فاٹن کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ مقامی لوگ نالے کا پانی پی رہے ہیں، جس کی وجہ سے علاقے کے لوگ مختلف امراض میں بھی مبتلا ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقے سے بہنے والا ماور نالہ پینے کے لیے صحیح ہے یا نہیں، اس بات کا بھی انہیں کوئی علم نہیں ہے۔ لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فاٹن کے اوپر والے جنگلات سے بہنے والے نالے میں شاید کوئی جنگلی جانور مر گیا ہے، جس کی وجہ سے علاقے کے لوگ امراض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔