وادیٔ کشمیر نے ایسی شخصیات کو جنم دیا ہے جنہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں تاریخ رقم کی ہے، خاص کر کھیل کود کے میدان میں یہاں کے نوجوانوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جن میں بین الاقوامی کھلاڑی پرویز رسول، قیوم بغو، راسک سلام اور دیگر کئی کرکٹر سرفہرست ہیں، یہاں کے نوجوان کھیل کود میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ تاہم نوجوانوں کے لئے کھیل کود سے متعلق وہ سہولیات ہی میسر نہیں ہیں، وادیٔ کشمیر کے کئی علاقے ابھی بھی ایسے ہیں، جہاں کھیل کود جیسی سرگرمی کے لئے بنیادی ڈھانچوں کی عدم دستیابی پائی جارہی ہے۔
Lack of cricket ground at mughalpora kanelwon
اننت ناگ کے نوجوان گراونڈ سے محروم جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کے مغل پورہ کنیلوان علاقے میں کھیل کود جیسی سرگرمیوں کے لئے اسٹیڈیم کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے مقامی نوجوان ذہنی تناؤ کے شکار ہو رہے ہیں۔اگرچہ مذکورہ علاقے میں سینکڑوں کنال اراضی موجود ہے، تاہم اُس اراضی کو بروئے کار لانے اور اسے کھیل کود جیسی سرگرمیوں کے لئے فعال بنانے کی غرض سے حکام بے بسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔کنیلوان علاقہ کے بیشتر نوجوان کھیل کود کی مشق کے لئے سڑکوں، گلی، کوچوں اور صحنوں کو استعمال میں لاتے ہیں۔مقامی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ قوم کے مستقبل نوجوان نسل کو کھیل کود کی جگہ میسر نہ ہونے کے سبب غلط کاموں کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اگر علاقے میں کھیلنے کے لئے کہیں میدان بن جاتا، تو قوم کا سرمایہ کھیل کود کی سرگرمیوں میں مصروف رہتےاور بُرے کاموں سے بھی محفوظ رہتے۔مقامی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر کرکٹ کھیلنے کے نتیجے میں ابھی تک کئی نوجوان حادثات کے شکار ہوئے ہیں، جبکہ کسی بھی قوم کا اصل سرمایہ ان کی نئی نسل ہوتی ہے۔ قوم کے اس سرمایہ کی جسمانی نشوونما کے لئے ہر بنیادی ضرورت ہونی چاہئے، جو دور جدید میں دوسرے نوجوانوں کو میسر ہے۔نوجوانوں کا کہنا ہے کہ' ہمیں بھی شوق ہے کہ ہم اپنے والدین کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر اور ملک کا نام روشن کر سکیں لیکن بنیادی سہولیات میسر نہ ہونے کے سبب ہمیں ہمارے خواب بس خواب تک ہی محدود دکھائی دیتے ہیں۔مقامی نوجوانوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذکورہ علاقے میں نوجوان نسل کو کھیل کود جیسی سرگرمیوں کے لئے علاقے میں اسٹیڈیم کا قیام عمل میں لائیں تاکہ علاقے کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے اس معاملے کو ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس مشتاق احمد پامپوری کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے ذریعے اُن لوگوں کو یہ کہنا چاہیں گے کہ اگر مذکورہ علاقے میں کہیں پر بھی اسٹیٹ لینڈ یا سرکاری زمین میسر ہے تو وہ علاقے کے پٹھواری سے رابطہ کریں، جبکہ علاقے کا پٹھواری ضلع کے ترقیاتی کمشنر کی نوٹس میں لائیں گے جس کے بعد ہی کوئی خواطر خواہ اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔