اننت ناگ:وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری نے سرمائی سیاحتی سیزن کو ایک بار پھر دستک دی ہے،جس کے ساتھ ہی ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی ایک خاصی تعداد معروف سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ میں لطف اندوز ہو رہے ہیں۔اس دوران سیاحت سے جڑے افراد سیاحوں کی آمد سے کافی خوش نظر آرہے ہیں۔
وادئے کشمیر میں قدرتی خوبصورتی چند مقامات تک محدود نہیں، تاہم وادئے گل پوش میں کئی مقامات ایسے بھی موجود ہیں جو دور حاضر میں بھی سیاحتی نقشے سے اوجھل ہیں، ان ہی مقامات میں وادئے برنگ کا مرگن ٹاپ، ژوہر ناگ، ماور ناگ سنتھن ٹاپ علاقہ شامل ہیں۔
وادئے برنگ کی قدرتی خوبصورتی کو اسکرین پر لانے کی ایک انوکھی پہل کرتے ہوئے ایس ڈی ایم کوکرناگ سہیل احمد لون نے ازخود مرگن ٹاپ کے قدرتی مناظر کا جائزہ لینے کے دوران ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اس قدرتی خوبصورتی سے لطف اندو ہونے پر زور دیا۔ایس ڈی ایم کوکرناگ کی سربراہی میں ریونیو افسران کی ایک ٹیم نے مرگن ٹاپ اور ژوہرناگ کا دورہ کیا اور علاقے کی دلکش خوبصورتی کو اپنی کیمروں میں قید کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی سیاحوں کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر سیاحوں نے کوکرناگ کو محض باٹنیکل گاڑن تک ہی محدود رکھا ہے، جس کے باعث یہاں کے بیشتر سیاحتی مقامات عام لوگوں کی نظروں سے اوجھل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادئے برنگ کو قدرت نے بیش قیمتی وسائل کے ساتھ ساتھ کئی خوبصورت مقامات بھی عطا کئے ہیں، جن میں مرگن ٹاپ، ژوہر ناگ، ماور ناگ، شلسر ناگ اور دیگر کئی سیاحتی مقامات ہیں۔
سب ڈویژن انتظامیہ کوکرناگ نے تمام سیاحوں، بشمول شائقین اور ٹریکنگ کے خواہشمند افراد کو ژوہرناگ کا دورہ کرنے اور یہاں کی قدرتی خوبصورتی کا تجربہ کرنے کے لیے تہہ دل سے خوش آمدید کہا ہے۔