وادی میں جاری نامساعد حالات کا سب سے زیادہ اثر جنوبی کشمیر پر پڑا ہے۔ اس کے باوجود یہاں کے باصلاحیت نوجوانوں نے مختلف شعبہ جات میں اپنی قابلیت کا مظاہرہ کرکے نہ صرف ملک بلکہ وادی کا نام روشن کیا ہے۔ اسی طرح کی ایک انوکھی مثال تب قائم ہوئی جب ضلع اننت ناگ کے بخشی آباد علاقہ سے تعلق رکھنے والے فضائیہ کے سینئر افسر ہلال احمد راتھر نے فرانس سے فروخت کئے گئے رفائل جنگی طیارہ کے پہلے دستے کی اڑان بھری۔
ہلال راتھر برسوں قبل فضائیہ میں بھرتی ہونے کے بعد اننت ناگ کی رہائش گاہ چھوڑ چکے ہیں، لیکن راتھر کے اس کارنامے کے بعد علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور مقامی لوگ اور رشتہ دار ان پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
راتھر نے اپنی ابتدائی تعلیم اننت ناگ کے مانٹیسری سکول میں حاصل کی ہے۔ بعد میں نگروٹہ جموں میں قائم سینک اسکول میں داخلہ لے کر آگے کی تعلیم حاصل کی۔
ان کے والد حبیب اللہ راتھر جموں و کشمیر پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں جو ریٹائرڈ ہونے کے بعد سنہ 1994 میں فوت ہوگئے۔ ہلال احمد 1984 میں بھارتی فضائیہ میں بھرتی ہوئے، جس کے بعد انہوں نے ممبئی میں سکونت اختیار کی ہے۔ ان کے 2 بیٹے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ: مٹن علاقہ بھائی چارے کی مثال
ہلال احمد نے سنہ 2016 میں آخری بار اننت ناگ کا دورہ کیا تھا جب ان کی والدہ کا انتقال ہوا تھا۔ قصبہ اننت ناگ کے بخشی آباد میں ہلال راتھر کی دو بہنیں اور ایک بھائی رہائش پذیر ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جب ان سے تاثرات جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے معزرت کا اظہار کرتے ہوئے کیمرہ کے سامنے بولنے سے منع کر دیا۔ تاہم آف دی کیمرہ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ہلال احمد بچپن سے ہی کافی ذہین اور قابل تھے۔ وہ بچپن میں ہی طیارہ اڑانے کے تیئں اپنی دلچسپی کا اظہار کر رہے تھے۔ جب وہ اپنے والدین سے طیارہ کھلونا خرید کر لانے کی ضد کر رہے تھے، وہیں اکثر و بیشتر کاغذ کا طیارہ بھی اڑاتے نظر آتے تھے۔ فکر میں پڑتے ہی ہلال احمد نے پائلٹ بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اُسی دلچسپی کو دیکھ کر اُن کے والد نے انہیں مقامی نجی اسکول سے اٹھا کر سینک اسکول جموں میں داخل کرایا۔ جہاں وہ اپنی محنت قابلیت اور لگن سے اپنی منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔'
واضح رہے کہ یہ لڑاکا طیارے 36 رافیل لڑاکا طیاروں کا پہلا کھیپ ہے، جو ہندوستان نے 2016 میں فرانس سے 59،000 کروڑ روپئے میں خریدا ہے۔
پانچوں جیٹ طیارے پیر کے روز فرانس کے شہر میرگناک کے ڈاسالٹ ایوی ایشن فیلیٹیشن سے روانہ ہوئے اور وہ بدھ کے روز ائیر فورس اسٹیشن، امبالا پہنچ گئے۔